بھٹکل 29/اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور گیٹ کے سامنے نیشنل ہائی وے پر دو لاریوں کے درمیان خطرناک ٹکر کے بعد ایک لاری کو آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس میں ایک لاری ڈرائیورجھلس گیا ہے اور وہ شدید زخمی ہے۔ حادثہ جمعرات کی شب قریب گیارہ بجے پیش آیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مرڈیشور آر این ایس اسپتال لے جایا گیاہے۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ ایک لاری ڈرائیور جس کی شناخت نور محمد کی حیثیت سے کی گئی ہے، اُس لاری کا ڈرائیو تھا جو ٹکر لگتے ہی آگ کے شعلوں میں لپٹ گئی تھی۔ حادثے میں نورمحمد کا جسم بھی تھوڑ ا بہت جھلس گیاہے البتہ اسپتال ذرائع نے اسے خطرہ سے باہر بتایاہے۔ دوسری لاری کا ڈرائیور اور کلینر بھی اسی اسپتال میں لائے گئے ہیں، جنہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل سے فائر بریگیڈ مرڈیشور کے لئے روانہ ہوگئی، مگر فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک لاری مکمل طور پر جل کر بھسم ہوچکی تھی۔ مرڈیشور پولس بھی خبر ملتے ہی جائے وقوع پرپہنچ گئی اورنیشنل ہائی وے پر سواریوں کے لئے متبادل انتظام کرایا۔
مرڈیشور پولس نے حادثے کی تصدیق کی ہے۔